ایپل کا چھ ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع



آئی فونز اور آئی پیڈز کی اندازوں سےکہیں زیادہ فروخت کی وجہ سے کمپیوٹر اور فون بنانے والی امریکی کمپنی ایپل نے تین ماہ میں چھ ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع کمایا ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹو سٹیو جابز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہمارے لیے یہ سہ ماہی شاندار رہی ہے‘۔

کمپنی کے مطابق اکتوبر 2010 سے پچیس دسمبر 2010 تک کمپنی کی آمدن پونے ستائیس ارب ڈالر کے لگ بھگ رہی جس میں سے چھ ارب ڈالر منافع تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران بازارِ حصص میں ایپل کے شیئرز کی قیمتوں میں اناسی فیصد جبکہ دو برس میں تین سو اٹھائیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


تاہم منگل کو سٹیو جابز کے دوبارہ طبی رخصت پر جانے کی خبر کے عام ہونے کے بعد ایپل کے حصص کی قیمتوں میں چھ فیصد کی ابتدائی کمی دیکھی گئی اور کاروبار کے اختتام پر کمپنی کے حصص کی قیمت دو اعشاریہ دو فیصد کم تھی۔

یہ دو برس میں دوسرا موقع ہے کہ سٹیو جابز نے طبی رخصت لی ہے۔ اس سے قبل جنوری 2009 میں بھی وہ اپنے جگر کی پیوند کاری کے لیے چھ ماہ کی رخصت لے چکے ہیں۔

سنہ 2004 میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سٹیو جابز پتّہ کے کینسر کا شکار ہیں اور اس کے بعد سے عوامی تقریبات میں ان کی عدم شرکت نے ان کی صحت کے بارے میں مزید افواہوں کو جنم دیا تھا۔